اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بحال کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کیلئے 2 روز میں خصوصی عدالت تشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی سرابراہی میں سابق صدر پرویز مشرف کی پاکستان واپسی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران چیئرمین نادرا نے بتایا کہ پرویز مشرف کی وطن واپسی شناختی کارڈ کے بلاک ہونے کی وجہ سے ممکن نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے پرویز مشرف کو واپسی کے لیے تحفظ دیا تھا، شناختی کارڈ بلاک کر کے کیوں واپسی روکنے کا عذر پیدا کر رہے ہیں۔
عدالت نے پرویز مشرف کے بلاک شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کو کھولنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مشرف واپس آئیں اور اپنے مقدمات کا سامنا کریں۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ ایئر پورٹ سے عدالت تک پرویز مشرف کو گرفتار نہ کیا جائے۔