انتخابات 2018ء: کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم

Last Updated On 11 June,2018 10:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں عام انتخابات 2018ء کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ اب 19 جون تک جانچ پڑتال کا عمل جاری رہے گا۔ اب تک کی چھان بین میں سٹیٹ بینک نے ایک سو سے زائد امیدواروں کو نادہندہ قرار دے دیا۔

الیکشن کمیشن کا سکروٹنی سیل 19 جون تک کاغذاتِ نامزدگی کی باریک بینی سے چھان بین کرے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سکروٹنی سیل کی جانب سے 12 ہزار امیدواروں کے کوائف نیب ، ایف بی آر اور سٹیٹ بینک کو بھیجے گئے ہیں۔ ساڑھے سات ہزار امیدواروں کے کوائف کی آن لائن سکروٹنی سسٹم کی مدد سے جانچ پڑتال ہو چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق سکروٹنی میں سٹیٹ بینک نے حنا ربانی کھر، ہارون بلور اور فیصل واوڈا سمیت ایک سو سے زائد افراد کو نادہندہ قرار دے دیا ہے۔

کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد 22 جون تک اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔ 27 جون تک اپیلوں کو نمٹایا جائے گا جبکہ نظر ثانی شدہ فہرست 28 جون کو جاری ہو گی۔ امیدوار اپنے کاغذات 29 جون تک واپس لے سکیں گے جس کے بعد حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

 

Advertisement