لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں عیدالفطر آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ لاکھوں فرزندانِ اسلام عید کی نماز مساجد کے علاوہ بڑے میدانوں میں ادا کرینگے۔ ان اجتماعات میں ملکی سلامتی اور مسلم اُمہ کے اتحاد کیلئے دعائیں مانگی جائیں گی۔
ملک بھر کی طرح لاہور میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات بادشاہی مسجد، جامع مسجد داتا دربار، مسجد وزیر خان، جامع مسجد منصورہ، جامع مسجد القادسیہ چوبرجی، جامعہ اشرفیہ، مسجد شہداء، جامعہ رحمانیہ، جامعہ نعیمیہ، باغِ جناح، جامعہ غوثیہ رضویہ فردوس مارکیٹ، ماڈل ٹاؤن، مینار پاکستان، اقبال پارک، ریس کورس پارک و دیگر مقامات پر ہونگے جن میں خطیب و علماء حضرات عیدالفطر کی فضیلت اہمیت بیان کرینگے۔
صدرِ مملکت ممنون حسین کراچی، نگران وزیرِاعظم ناصر الملک اسلام آباد میں عید منائیں گے جبکہ سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی عید خاندان کے ہمراہ لندن میں ہو گی۔
پیپلز پارٹی رہنما سید خورشید شاہ آبائی شہر سکھر، مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان، شیخ رشید احمد اور چودھری نثار علی خان راولپنڈی، آفتاب شیر پاوٴ اور اسفند یار ولی عید چارسدہ میں منائیں گے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نوابشاہ جبکہ بلاول بھٹو زرداری نوڈیرو میں عید منائیں گے۔ چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان عید بنی گالہ میں منائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق منصورہ میں نمازِ عید پڑھانے کے بعد دیر چلے جائیں گے۔ سابق وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی ملتان جبکہ ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت گجرات میں عید منائیں گے۔