لاہور: (دنیا نیوز) عید کے پر مسرت موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کا اپنے اہلخانہ کے ساتھ فاونٹین ہاوس کا دورہ، فاونٹین ہاوس میں موجود مریضوں سے ملاقات کی اور چیف جسٹس نے خواتین مریضوں کو پرفیوم اور چوڑیاں بھی دیں۔
فاؤنٹین ہاؤس کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہماری آنے والی 5 نسلیں مقروض ہو چکی ہیں، ہماری 5 نسلیں جو دنیا میں ابھی نہیں آئیں ہم ان کا حق لے کر کھا چکے ہیں، قرضوں سے نجات کے لئے پوری قوم کو ملکر کام کرنا ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اس لئے ہسپتال کے لئے نکلا تا کہ حکمران اپنا کام خود کر دیکھ سکیں، جب کوئی کام نہیں کرے گا تو کسی کو قوم کے لئے نکلنا پڑے گا۔
چیف جسٹس آف پاکستان کا فاؤنٹین ہاؤس کے دورہ کے موقع پر کہنا تھا فاؤنٹین ہاؤس نجی سطح پر اتنا کام کر سکتا ہے تو حکومتی ادارے کیوں نہیں ؟ اتنے بہتر انتظامات کسی اور ہسپتال میں نہیں دیکھے، یہاں آکر دلی سکون ملا اور میں ریٹائرمنٹ کے بعد فاؤنٹین ہاؤس کا رکن بننا چاہوں گا۔ میڈیا کے کردار کو سراہتے ہو چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ میڈیا اسی طرح تعمیری کاموں میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرے۔ فاونٹین ہاؤس کی جانب سے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کو یادگاری فن پارہ بھی پیش کیا گیا۔
یاد رہے چیف جسٹس پاکستان نے گزشتہ دورے کے دوران عید پر ملنے کا وعدہ کیا تھا جسے انہوں نے پورا کر دیا، چیف جسٹس ثاقب نثار اپنے ساتھ تحائف بھی لائے جو انہوں نے مریضوں میں تقسیم کئے، چیف جسٹس آف پاکستان کے ہمراہ انکی فیملی ممبران بھی تھے۔