ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

Last Updated On 16 June,2018 12:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے، چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد میں نماز عید کے ہزاروں اجتماعات ہوئے، جس میں ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ملک بھر میں عید الفطر پر روح پرور اجتماعات ہوئے، لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا، جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کی، گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے بھی عید کی نماز ادا کی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے لاہور ماڈل ٹاون میں نماز عید الفطر ادا کی، اس موقع پر پاکستان کے استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے گارڈن ٹاؤن میں عید کی نماز پڑھی، لاہور میں جامعہ نعیمیہ، باغ جناح، مسجد قذافی اسٹیڈیم اور مسجد داتا علی ہجویری میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ اور سابق وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے فیصل آباد میں عید کی نماز ادا کی۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں عید کی نماز پڑھی۔

کراچی میں پولو گراؤنڈ میں بھی نماز عید ادا کی گئی، جہاں گورنر سندھ محمد زبیر، میئر کراچی وسیم اختر، فاروق ستار اور دیگر سیاسی شخصیات نے نماز عید ادا کی۔ پشاور میں بھی عید گاہ سمیت مختلف مقامات پر عید کے اجتماعات ہوئے، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ اسلام آباد میں عید کے بڑے اجتماعات فیصل مسجد، لال مسجد، امام بارگاہ اثنا عشری میں ہوئے جبکہ راولپنڈی میں مدرسہ تعلیم القران، قدیمی امام بارگاہ کے اجتماعات قابل ذکر ہیں، جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کرنے کے بعد ملکی سلامتی، امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔


پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے فیصل مسجد، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور ان کے سیاسی حریف ن لیگ کے رہنما شکیل اعوان نے مدرسہ تعلیم القرآن میں عید کی نماز ادا کی، جس کے بعد شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعا ہے کہ بیگم کلثوم نواز جلد صحت یاب ہوں، پرویز مشرف کی واپسی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ‘‘ایوری ڈے از ناٹ سنڈے’’ پرویز مشرف کو بالکل پاکستان واپس نہیں آنا چاہئے۔ شیخ رشید نے امید ظاہر کی کہ وہ ایک لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کریں گے، انہوں نے عمران خان کی حکومت بننے کی دعا بھی کی۔

شکیل اعوان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نااہلی کیس میں جسٹس فائز عیسی کے 7 نکات تاریخ کا حصہ رہیں گے، پی پی 18 سے الیکشن میں حصہ لے کر شیخ رشید کا مقابلہ کروں گا، انہوں نے بھی سابق وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔