اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے ناراض رہنماؤں کا چارٹر آف ڈیمانڈ سامنے آگیا، شفاف پارلیمانی بورڈ بنا کر ٹکٹوں پر نظرثانی کا مطالبہ کر دیا گیا۔
تحریک انصاف کے ناراض رہنماؤں کا اسلام آباد میں اجلاس ہوا جس میں حامد خان سمیت پنجاب اور کے پی سے ناراض رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹکٹوں کے معاملے پر تحریک انصاف کے ناراض رہنماؤں نے چارٹر آف ڈیمانڈ بھی جاری کر دیا۔
اعلامیہ میں تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کے ٹکٹوں کے حوالے سے بعض فیصلوں کو غیر منصفانہ قرار دیا گیا ہے اور کہاگیا کہ پارلیمانی بورڈ میں ایسے بھی ممبران تھے جو سپریم کورٹ سے نااہل اور نیب کیسز بھگت رہے ہیں، شفاف پارلیمانی بورڈ تشکیل دیکر ٹکٹوں کے فیصلوں نظرثانی کی جائے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ خواتین کی اسپشل سیٹوں پر مرتب کردہ لسٹ بھی من پسند افراد پر مبنی ہے، پنجاب میں اقلیتی نشستوں پر ترجیحی لسٹ جمع نہ کرانا بھی قابل مذمت ہے، اقلیتی ترجیحی لسٹ جمع نہ کرانے کے ذمہ دارو ں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایسے امیدوار جنہوں نے 2013 کا الیکشن پارٹی ٹکٹ پرلڑا، انہیں دوبارہ ٹکٹ دیا جائے، پارٹی چیئر مین اور وائس چیئرمین کے علاوہ کسی کو ایک سے زائد حلقوں سے الیکشن ٹکٹ نہ دیا جائے، ناراض رہنماوں کا آئندہ اجلاس 26 جون کو طلب کر لیا گیا۔