ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراض پی ٹی آئی کارکنوں کا بنی گالہ میں دھرنا جاری

Last Updated On 21 June,2018 09:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف میں ناانصافی کی دہائیاں، ٹکٹوں کی تقسیم پر بنی گالا کے باہر ناراض کھلاڑیوں کا چوتھے روز بھی احتجاج جاری، مطالبات پورے ہونے تک واپس جانے سے انکار، مختلف حلقوں سے آنیوالے کارکن نعرے لگاتے، بینر لہراتے اپنے مطالبات دہرا رہے ہیں۔

ٹکٹوں کی تقسیم پر تحریک انصاف کے کارکنوں کا بنی گالہ میں دھرنا جاری ہے۔ پی پی 170 لاہور اور پی کے 60 چارسدہ کے ناراض رہنماء بھی کارکنان کے ہمراہ بنی گالہ پہنچ گئے۔ سب کا یہی مطالبہ ہے کہ لوٹوں کو نہیں، ٹکٹ نظریاتی کارکنان کو دیے جائیں۔ پی پی 170 لاہور کے کارکنان عمران کے پولیٹیکل سیکرٹری عون چوہدری کے بھائی کو ٹکٹ دینے کے خلاف سراپاء احتجاج ہیں۔ ملتان کے کارکنان بھی ملک احمد ڈیہڑ کا ٹکٹ لیے بغیر جانے کو تیار نہیں۔

احتجاجی کارکنان کا کہنا ہے کہ یہ وہ تبدیلی نہیں جس کے لیے ہم نے جدوجہد کی ہے، نظریاتی کارکنوں کو ٹکٹ ملنے تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ این اے 154 کے کھلاڑی سکندر بوسن کے بجائے ملک احمد ڈیہڑ کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں، کپتان کی جانب سے مسلسل نظر انداز کرنے پر بھی سراپا احتجاج ہیں۔ احتجاج کے پیش نظر بنی گالہ بلائے گئے ملک احمد ڈیہڑ بھی اپنے حامیوں میں آئے اور اپنے مخالفین پر کرپشن کے الزامات لگائے۔ ملک قاسم کی نامزدگی پر برہم پی کے 86 والے اپنی طرف سے حاجی منصور کو نامزد کیے بیٹھے ہیں جبکہ پی کے 29 بٹ گرام کے ووٹر نظریاتی لوگوں کو آگے لانے کی ضد کیے بیٹھے ہیں۔