کراچی: (روزنامہ دنیا) تحریک انصاف نے صوبائی اسمبلی کی نشست سے انتخاب میں حصہ لینے والے ڈرائیور سے 55ہزار وصول کرنے کے بعد ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا، جب کہ اس کی جگہ پر سرمائے کے بل بوتے پر پارلیمانی بورڈ کے انٹرویو کے بغیر ایک اور امیدوار کو ٹکٹ جاری کر دیا۔
تحریک انصاف کے ایک گروپ کے رکن نور حیات خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس 104 سے پہلے ایک غریب مزدور ڈرائیور حنیف سواتی کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ حنیف سواتی سے 55 ہزار روپے وصول کرنے کے باوجود علی زیدی نے اس کی جگہ منصور شیخ کو ٹکٹ جاری کر دیا، ہمارا تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر اس حلقے سے حنیف سواتی کو ٹکٹ جاری کریں، ورنہ کارکنان صدائے احتجاج بلند کرنے پر مجبور ہوں گے۔ اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے حلقہ 104سے ٹکٹ کی درخواست کرنے والے امیدوار حنیف سواتی و دیگر بھی موجود تھے۔