نیب کی کارروائیاں، نواز شریف نے سخت احتجاج کی ہدایت کر دی

Last Updated On 26 June,2018 09:43 pm

لندن: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف نے نیب کی جانب سے لیگی امیدواروں کے خلاف کارروائیوں پر پارٹی قائدین کو احتجاج کی ہدایت کر دی ہے۔

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایکشن پر نواز شریف کا ری ایکشن سامنے آیا ہے۔ لندن میں بیگم کلثوم کی طبعیت کی وجہ سے نواز شریف فی الحال پاکستان آ کر انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے رہے لیکن وہ انتخابی مہم کے حوالے سے متحرک ہو چکے ہیں، انھوں نے نیب کی کارروائیوں پر لیگی قیادت سے رابطے ضرور کر لئے ہیں۔

سابق وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ اہلیہ کی صحت ٹھیک ہوتے ہی وہ پاکستان جائیں گے۔ انھوں نے لیگی امیدواروں کے خلاف نیب کی کارروائیوں پر احتجاج کی ہدایت کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اس سلسلے میں لیگی قیادت سے ٹیلی فونک رابطے شروع کر دیے ہیں اور نیب کی کاروائیوں کے خلاف سخت حکمتِ عملی اور احتجاج کی ہدایت کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے شہباز شریف کو بھی فون کر کے ٹیلی فونک کانفرنس کا اہتمام کرنے کی ہدایت کر دی ہے اور انتخابی مہم کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے۔