لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ہر مرتبہ اور عہدہ نیب دفتر کے باہر ختم ہو جاتا ہے، ہر ایک کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک ہو گا۔ نیب کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں، ملکی دولت لوٹنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے لاہور آفس کا دوسرے روز دورہ کیا جہاں انھیں ڈی جی نیب لاہور کی سپریم کورٹ کی طرف سے بھجوائے گئے اہم مقدمات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مقدمات قانون کے مطابق مقررہ وقت میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔
نیب اعلامیہ کے مطابق جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ سپریم کورٹ کے بھجوائے مقدمات کی تحقیقات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ میگا کرپشن کیسز بھی ٹھوس شواہد کی بنیاد پر جلد منطقی انجام تک پہنچائے جائیں۔ ہر مرتبہ اور عہدہ نیب دفتر کے باہر ختم ہو جاتا ہے۔ ملکی دولت لوٹنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔
چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ کسی دھمکی اور دباؤ کی پرواہ کئے بغیر چہرے کے بجائے کیس پر توجہ دیں۔ کرپشن ملکی وسائل کو تیزی سے کھا رہی ہے۔ کرپشن کو روکنا اور جڑ سے ختم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ سپریم کورٹ، ہائیکورٹس اور احتساب عدالتوں کے فیصلوں پر من و عن عمل کیا جائے گا۔