لاہور: (دنیا نیوز) لاہور اور گردو نواح میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، صوبائی دارالحکومت میں بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
پری مون سون کی بارش نے موسم رنگین بنا دیا۔ لاہور اور گردو نواح میں بارش کے بعد ہر چیز دھل کر نکھر گئی۔ رات گئے موسلا دھار بارش ہوئی، گرمی کی شدت کم ہونے پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ میاں چنوں، فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی آسمان سے گرتی بوندوں نے گرمی کو بھگا دیا۔
دوسری طرف کراچی والوں کیلئے بھی اچھی خبر ہے، جمعرات کو رم جھم ہوگی جس سے موسم بدل جائے گا۔ ڈائریکٹر میٹ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ 28 جون کو شہر قائد میں برسات کا امکان ہے تاہم بارشوں کا سلسلہ فی الحال شروع نہیں ہو رہا، جولائی میں مون سون کا آغاز ہوگا، سندھ کے دیگر شہروں میں بھی 29 اور 30 جون کو بارش متوقع ہے۔ کراچی میں گزشتہ روز سے مختلف علاقوں میں بوندا باندی بھی جاری ہے۔