نیب کا کسی بھی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، ترجمان

Last Updated On 27 June,2018 11:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان نیب نے کہا ہے کہ ہمارا کسی بھی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، اس بات کی سختی سے تردید کرتا ہوں کہ نیب پنجاب میں زیادہ متحرک ہے۔

نیب کا الیکشن کیساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ موجودہ چیئرمین نے بلا تفریق احتساب کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ نیب میں اگر کوئی غلط کام کرتا ہے تو افسران کیخلاف بھی کارروائی ہوتی ہے۔ ہم چہرہ نہیں کیس کو دیکھتے ہیں۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان نوازش علی عاصم اپنے ادارے کا یہ موقف دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو میں سامنے لائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کا کسی بھی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، اس بات کی سختی سے تردید کرتا ہوں کہ نیب پنجاب میں زیادہ متحرک ہے۔ سکھر اور سندھ میں نیب کی کارروائیاں سب سے زیادہ ہے۔ سندھ کے سابق وزیرِ قانون کیخلاف بھی انکوائری چل رہی ہے۔ سندھ میں ایک وزیر کیخلاف پانچ ارب کا کیس دائر کیا۔

نیب ترجمان نے کہا کہ صاف پانی کمپنی کیخلاف پنجاب حکومت نے خود اینٹی کرپشن میں شکایت کی تھی، شہباز شریف نے خود کہا تھا کہ کمپنیاں ماڈل کمپنیاں ہے، نیب تحقیقات کر سکتا ہے، جن کو بلایا گیا ان کے متعلق شکایات تھی، جب کمپنیاں کا ریکارڈ سامنے آیا تو بہت ساری چیزیں سامنے آئیں۔

چودھری نثار کے مقابلے میں ن لیگی امیدوار کی صاف پانی سکینڈل میں گرفتاری پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قمرالاسلام کو گرفتار کرنے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں تھا، انہوں نے من پسند کمپنیوں کو ٹھیکے دیئے، ہمارے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قمرالاسلام کو کلیئرنس سرٹفیکیٹ نہیں ملا تھا، انھیں دوسرے دن ہی عدالت میں پیش کر دیا تھا۔