لندن: (دنیا نیوز) نواز شریف کے شاہد خاقان اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے رابطے، نواز لیگ نے مقدمات، گرفتاریوں اور انتخابی نااہلیوں کے خلاف بھرپور احتجاج کا فیصلہ کر لیا۔ مریم اورنگزیب کہتی ہیں نیب ’ن احتساب بیور‘ میں تبدیل ہو گیا، الیکشن کمیشن نوٹس لے۔
مقدمات، گرفتاریوں اور انتخابی امیدواروں کی نااہلیوں کیخلاف نواز لیگ کی قیادت بپھر گئی، نواز شریف کے سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور شاہد خاقان سمیت پارٹی رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطے، گرفتاریوں اور لیگی امیدواروں کی نااہلیوں کے خلاف بھرپور احتجاج کا فیصلہ کر لیا گیا، ذرائع کہتے ہیں کہ اس کا اعلان جلد متوقع ہے۔
پارٹی رہنماؤں نے موجودہ صورتحال میں نواز شریف سے جلد وطن واپسی کی درخواست کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی جلد پاکستان واپسی پر بھی مشاورت کی گئی ہے۔
دوسری جانب ن لیگ کے وفد نے الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کی اور گرفتاریوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔ مریم اورنگزیب نے الزام لگایا ہے کہ نیب ’ن احتساب بیور‘ میں تبدیل ہو گیا ہے۔ سابق وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ لاڈلے کے بلین ٹری منصوبے کی تحقیقات پر تالے پڑے ہیں جبکہ آصف زرداری کے کیسز کے کاغذات نیب سے غائب ہو جاتے ہیں۔