راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں پنجاب اسمبلی کی نشست پر تحریکِ انصاف اور ق لیگ کے درمیان دلچسپ سیٹ ایڈجسٹمنٹ، ق لیگ کا امیدوار ٹریکٹر چھوڑ کر بلا کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑے گا۔
تحریکِ انصاف نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 14 راولپنڈی کی نشست پر راجہ بشارت کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔ راجہ بشارت مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما ہیں اور پنجاب کے سابق صوبائی وزیرِ قانون رہ چکے ہیں۔
اس سے قبل تحریکِ انصاف نے اپنے امیدوار زیاد کیانی کو ٹکٹ جاری کیا تھا تاہم بعد ازاں ان سے ٹکٹ واپس لے کر راجہ بشارت کو تھما دے دیا گیا۔ حالانکہ سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کرنے والی جماعتیں الیکشن اپنے اپنے انتخابی نشان پر لڑتی ہیں۔
دنیا نیوز کے رابطہ کرنے پر راجہ بشارت نے تحریکِ انصاف کا ٹکٹ ملنے کی تصدیق کی، تاہم انھوں نے انوکھی منطق پیش کی کہ وہ بدستور ق لیگ کے رہنما ہیں اور تحریکِ انصاف میں شامل نہیں ہوئے، صرف تحریکِ انصاف سے پارٹی ٹکٹ لیا ہے۔ ٹریکٹر کے بجائے بلے کے انتخابی نشان سے الیکشن لڑیں گے۔ اس حلقے میں مسلم لیگ ن کی جانب سے سینیٹر چودھری تنویر کے صاحبزادے اسامہ چودھری امیدوار ہیں۔