لاہور: (روزنامہ دنیا) اگر آپ متواتر اس کوشش میں ہیں کہ کوئی مثبت تبدیلی لائیں لیکن پھر بھی آپ ایسا نہیں کر پا رہے تو یہ آپ کے اس خیال کے ساتھ منسلک ہے کہ آپ کون ہیں؟ آپ جان لیں کہ آپ کو اپنی شناخت کی نشوونما کرنی ہو گی اور اسے بدلنا ہو گا۔
سگریٹ نوشی کو پہلے ترک کرنے کی بجائے آپ کو اپنی شناخت ایک تندرست و توانا شخص کی حیثیت سے پیدا کرنا ہو گی۔ اس فیصلے کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ آپ ازخود سگریٹ نوشی ترک کر دیں گے کیونکہ ایک تندرست و توانا فرد سگریٹ نوشی نہیں کرتا۔ کسی کی شناخت اس کی شکل و صورت، وضع قطع اور ظاہری حالت سے بھی متعلق ہو سکتی ہے۔ مگر ہماری شناخت صرف یہی نہیں ہوتی۔ اس میں عمل، رویہ اور کردار شامل ہوتے ہیں اور اسی کی بنیاد پر ہمیں پہچانا جاتا ہے۔
اگر اس حوالے سے شناخت کا کوئی بحران ہے تو بالآخر شناخت کو بدلنا ہو گا۔ اس کے لیے پہلے اپنی شناخت کا تعین کرنا ہو گا اور اس کے بعد اسے بدلنا ہو گا۔ آپ بتائیں کیسے آپ اپنے آپ کو شناخت کرتے ہیں؟ فیصلہ کریں کہ آپ کون ہیں؟ کیا آپ ماضی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی تعریف بتائیں گے کہ آپ کون ہیں؟ اپنے حال یا پھر مستقبل کے حوالے سے آپ نے کیا کام کیے اور کیا کریں گے؟ اپنے پیشے کے اعتبار سے، اپنی آمدن کے حوالے سے یا پھر زندگی میں آپ نے جو بھی کردار ادا کیا، اس کی نسبت سے یہ تعریف کریں کہ یہ میری پہچان ہے یا پھر اپنے روحانی عقائد، اپنی جسمانی صفات کی وجہ سے جن سے آپ کی شناخت وجود میں آئی۔
سب سے پہلے تو آج اپنے نام کا مطلب لغت میں تلاش کریں۔ اگر آپ کے پاس نہیں ہے خرید لیں یا ویب پر جاکر اپنے نام کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔ ایسا کرنے سے آپ میں اپنے نام کے لیے جو شناخت کا بنیادی اور اہم ترین عنصر ہے رغبت اور دلچسپی پیدا ہو گی۔ فرض کریں کہ آپ خود اپنا شناختی کارڈ بناتے ہیں تو آپ کیا کوائف دیں گے، کیا درج کریں گے؟ کیا حذف کریں گے؟ اپنی تصویر لگائیں گے یا نہیں یا جسمانی تفصیل تحریر کریں گے؟ کیا آپ اسے حقائق پر مشتمل ایک دستاویز بنائیں گے؟ کیا آپ اسے اقدار، جذبات، عقائد اور اپنے مقاصد کا آئینہ دار بنائیں گے؟
فوراً اپنا شناختی کارڈ تیار کریں جو یہ دکھائے کہ آپ کون ہیں۔ آپ کیا کرتے ہیں اور آپ کیسے اپنا تعارف کرواتے ہیں۔ آپ نے آج یہ بتانا ہے کہ آپ اپنے آپ کو کس نظر سے دیکھتے ہیں۔ امید ہے آپ نے لغت میں اپنے نام کا مطلب دیکھ لیا ہو گا۔ اس کی تاریخ، ماخذ سے بھی آپ واقف ہو چکے ہیں۔ تو اب جلدی سے دیگر تفصیلات بھی لکھ دیں۔ اب آپ اپنا شناختی کارڈ خود بنا چکے ہیں۔ بغور مطالعہ کریں۔ اگر آپ کی شناخت کا کوئی پہلو آپ کے لیے تکلیف دہ ہو تو پھر اس سے اپنا تعلق ختم کر لیں۔
اب آپ نے ایک باکس میں لکھنا ہے کہ آپ کیا بننا چاہتے ہیں۔ لکھیں کہ آپ کی شناخت کن چیزوں پر مشتمل ہو گی؟ ہو سکے تو یہ بھی لکھ دیں کہ یہ صفات آپ نے کس میں دیکھی ہیں۔ ان لوگوں کے نام لکھیں جنہوں نے آپ کو متاثر کیا ہے۔ ان کا کیا کردار تھا۔ آپ نے تصور میں خود کو ان کی جگہ محسوس کرنا ہے۔
اب دیکھیں کہ آپ کے تصورات میں کیا تبدیلی آ رہی ہے۔ اپنی تبدیلیاں نوٹ کریں۔ ان سے آپ خوش ہوں گے، آپ میں قوت ارادی پیدا ہو گی اور آپ متحرک ہوں گے۔ اگر واقعی آپ یہ چاہتے ہیں کہ آپ کی شناخت میں وسعت پیدا ہو اور اپنی زندگی میں نشوونما چاہتے ہیں تو پھر شعوری طور پر فیصلہ کریں کہ آپ کیا بننا چاہتے ہیں؟ اس وقت آپ ایک چوراہے پر کھڑے ہیں، ماضی کو بھول جائیں۔ اب آپ کیا ہیں اس کی اہمیت ہے، اس بارے میں مت سوچیں کہ آپ کیا ہوا کرتے تھے۔
تحریر: انتھونی رابنز