لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی بابا فرید گنج شکرؒ کے مزار پر حاضری کی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، کپتان اہلیہ کے ساتھ دعا مانگتے نظر آ رہے ہیں۔
سوشل ویب سائٹس پر کپتان کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی، عمران خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ پاک پتن میں بابر فرید گنج شکرؒ کے مزار پر حاضری دے رہے ہیں، ویڈیو میں بشری بی بی نے پھولوں کی پتیاں بچھائیں پھر دونوں میاں بیوی نے دعا کی۔ اس سے پہلے بھی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں عمران خان کو دربار کی چوکھٹ پر بوسہ دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس حاضری کی ویڈیو منظر عام پر آئی تو میڈیا پر ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں:بابا فرید شکر گنجؒ کے مزار کی چوکھٹ کو عقیدتاً بوسہ دیا
عمران خان کے مخالفین اس عمل کو مذہبی نقطۂ نظر سے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں تو دوسری جانب ان کے حامی اس کے دفاع میں مصروف ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے عمران خان کی جانب سے ایک درگاہ پر سجدہ پریشان کن ہے۔ دوسری جانب ایک صاحب نے لکھا کہ کسی اور کو بھی عمران خان کے بارے میں رائے قائم کرنے کا حق نہیں، یہ ان کے عقائد کا معاملہ ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا سوشل میڈیا پر اٹھنے والے اعتراضات پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا میں نے مزار پر عاجزی اور عقیدت کی وجہ سے بوسا دیا، بابا فرید شکر گنجؒ عظیم انسان تھے۔ صوفی ازم کا مطلب انسان اپنی ”میں“ کو ختم کرتا ہے۔ میں فرشتہ نہیں، انسان ہوں، شروع سے دین کی طرف نہیں تھا، اپنے آپ کو تبدیل کیا، میاں بشیر کو دیکھ کر تیس سال پہلے میرا ایمان مضبوط ہوا تھا۔