تحریک انصاف نے گورنر پنجاب کی فوری معزولی کا مطالبہ کر دیا

Last Updated On 29 June,2018 12:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے گورنر پنجاب کی فوری معزولی کا مطالبہ کر دیا۔ بابر اعون نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔

پی ٹی آئی رہنما بابراعوان کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آئینِ کے تحت آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کا پابند ہے، گورنر پنجاب اور انکے اہل خانہ کی نون لیگ سے گہری وابستگی ہے، گورنر کے صاحبزادے پی پی 214 سے لیگی امیدوار بھی ہیں، انکی پارٹی سے وابستگی صوبے کے انتخابی ماحول میں عدم توازن کی راہ ہموار کر رہی ہے، آپ سے التماس ہے کہ ہنگامی نوعیت کے اس معاملے کا فوری نوٹس لیں۔

یاد رہے پاکستان تحریکِ انصاف اس سے قبل الیکشن کمیشن سے عام انتخابات 2018ء کیلئے پولنگ کے اوقات میں توسیع کا مطالبہ بھی کرچکی ہے۔ فواد چودھری کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا کہ گرمی کی شدت میں اضافہ ہو چکا ہے، پولنگ کے وقت میں توسیع سے عوام بالخصوص بیمار اور بزرگ افراد کو آسانی ہو گی، اس لیے عوام الناس کی آسانی کے لئے پولنگ کا وقت شام پانچ سے بڑھا کر رات آٹھ بجے کیا جائے۔