پنجاب میں طوفانی بارش: مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

Last Updated On 27 June,2018 12:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور اور ملک دیگر شہروں میں رات کے وقت موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ مختلف حادثات اور واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

پنجاب اور سندھ میں بارش کے باعث چھتیں گرنے کے مختلف واقعات اور حادثات پیش آئے۔ لاہور میں بارش کے باعث چھتیں گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔ سبزہ زار جی بلاک میں بھی مکان کی چھت گر گئی جس سے 3 افراد زخمی ہوئے۔ بارش کے باعث لاہور میں ٹریفک کے 26 حادثات میں 14 افراد زخمی ہوئے، متعدد علاقوں میں بجلی غائب رہی، 140 سے زائد سے فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

لاڑکانہ اور گردونواح میں آندھی اور بارش کے باعث دیواریں اور مکانوں کی چھتیں گر گئیں، چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے۔ خیرپور میں قومی شاہراہ پر رانی پور کے قریب مسافر کوچ الٹ گئی، حادثے میں 10 افراد زخمی ہوئے۔ سکھر، شکارپور، ڈھرکی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کے باعث فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے۔