ملتان: (دنیا نیوز) ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کا احتجاج جاری ہے، شاہ محمود قریشی کی رہائش گاہ کے سامنے بھی کارکنوں نے دھرنا دیا ہوا ہے۔
تحریک انصاف ڈیرہ غازی خان کے کارکنوں نے الیکشن میں ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ وائس چیرمین نے ٹکٹیں دیتے وقت کارکنوں کو نظر انداز کر کے اپنے من پسند لوگوں کو ٹکٹ دئیے جس سے انتخابات میں پی ٹی آئی کو نقصان ہو گا۔ ڈیرہ غازی خان کے حلقہ پی پی 289 کا ٹکٹ حنیف پتافی کو دیا جائے۔
شاہ محمود قریشی نے مظاہرین سے مذاکرات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ملک میں خواتین کو 5 فیصد کوٹہ ٹکٹ دینا لازمی ہے جس کی بنا پر حنیف پتافی کی جگہ ڈیرہ غازیخان کے حلقہ پی پی 289 سے شاہینہ نجیب کھوسہ کو ٹکٹ دیا گیا ہے، تاہم مظاہرین نے شاہ محمود قریشی کی بات کو رد کرتے ہوئے مظاہرہ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک حنیف پتافی کو تحریک انصاف کا ٹکٹ نہیں دیا جاتا تب تک مظاہرہ اور دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔