لاہور: (روزنامہ دنیا) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان گزشتہ روز لاہور آمد کے فوری بعد اپنے نئے تعمیر شدہ گھر زمان پار ک پہنچ گئے، عمران خان نے اپنی نئی رہائش گاہ کا تفصیلی معائنہ کیا، کچن کا سامان جوسر، سینڈ وچ میکر وغیرہ بھی پہنچا دیا گیا۔ نئے گھر کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر علیم خان نے انتخابی سرگرمیوں کے بارے میں عمران خان کو بریف کیا۔
قبل ازیں عمران خان اپنی اہلیہ بشریٰ کے ہمراہ خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور ائیرپورٹ حج ٹرمینل پہنچے تو پارٹی قائدین نے انہیں خوش آمدید کہا۔ ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی کی آمد کا وقت باربار تبدیل کیا گیا۔ عمران خان عوامی ردعمل کے پیش نظر اتنی جلدی سے ائیرپورٹ سے رخصت ہوئے کہ اپنے سامان والے چار بیگ ائیرپورٹ پر ہی بھول گئے جنہیں دوسری گاڑی سے زمان پارک پہنچایا گیا۔
ادھر این اے 124 کے ناراض کارکنوں نے زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کیا اور این اے 124 میں محمد خان مدنی کے بجائے نعمان قیصر کو کو ٹکٹ دینے پر احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ محمد خان مدنی کو ٹکٹ دیا جائے، پی پی 154 کے کارکن بھی عمران خان کی رہائشگاہ کے باہرموجود تھے۔