شاہ محمود قریشی کو جہانگیر ترین کیخلاف بیان بازی سے روک دیا گیا

Last Updated On 26 June,2018 11:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریکِ انصاف نے شاہ محمود قریشی کو جہانگیر ترین کے خلاف بیان بازی سے روک دیا۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ اختلافات سے مخالفین کو فائدہ ہو گا جبکہ بنوں سے آئے افتخار مہمند کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے کا وعدہ کر لیا۔

چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان سے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پارٹی امور اور پارٹی کی انتخابی مہم، ٹکٹوں کی تقسیم اور متنازع حلقوں اور دیگر جماعتوں سے سیٹ ایڈ جسٹمنٹ پر بھی گفتگو ہوئی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ملاقات میں پارٹی اختلافات پر بھی گفتگو کی گئی اور چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو جہانگیر ترین کے خلاف بیان بازی سے روکتے ہوئے کہا کہ دونوں کے اختلافات کا فائدہ مخالفین کو پہنچتا ہے، اختلافات کو میڈیا میں نہ اچھالا جائے۔

ادھر ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملہ پر تحریکِ انصاف کے رہنما افتخار مہمند نے بھی عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ افتخار مہمند سینئر سیاستدان ہیں۔ قومی اسمبلی کا ٹکٹ ان کی جگہ دوسرے امیدوار کو دے رہے ہیں۔ افتخار مہمند کو ہم سینیٹ کا ٹکٹ دیں گے۔ افتخار مہمند سے درخواست کرتا ہوں، یہ ہمیں سپورٹ کریں۔ افتخار مہمند سینیٹ میں ہماری اور اپنی قوم کی نمائندگی کریں گے۔ یہ تاریخی الیکشن ہے جس میں ملک کی تاریخ بدلے گی۔ افتخار مہمند اس الیکشن میں مردان سے ہمیں سپورٹ کریں۔