فیصل آباد: پی ٹی آئی اور ن لیگ میں تنازع پر فائرنگ، 6 کارکنان زخمی

Last Updated On 01 July,2018 09:16 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں فلیکس لگانے کا تنازع شدت اختیار کر گیا، مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے کارکنان کے مابین فائرنگ سے 3 ن لیگی اور 3 تحریک انصاف کے کارکنان زخمی ہو گئے۔

فیصل آباد کا حلقہ این اے 106 میدان جنگ بن گیا، تشہیری فلیکسز لگانے کے تنازع پر سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ اور پی ٹی آئی کے امیدوار ڈاکٹر نثار جٹ کے حامیوں میں فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہو گئے۔

تھانہ ساندل بار کے علاقہ چک نمبر 59ج ب میں رانا ثناءاللہ اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر نثار جٹ کے حامیوں کے درمیان الیکشن کی تشہیری فلیکسز لگانے کے تنازع پر جھگڑا ہوگیا۔ اور دونوں گروپوں کی جانب سے فائرنگ کے تبادلہ میں دونوں گروپوں کے تین تین افراد زخمی ہوگئے۔ جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے الائیڈ اور سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پی ٹی آئی کے امیدوار ڈاکٹر نثار جٹ کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ رانا ثناءاللہ کے حامی حالات کو خراب کرنے اور الیکشن کو ہائی جیک کرنے کی کوشش میں ہیں۔ اور لیگی کارکنان الیکشن کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔ جبکہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق فلیکس لگانے کے معاملے پر فائرنگ رانا ثنا اللہ اور نثار جٹ گروپ میں ہوئی، فائرنگ کرنیوالوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔