بھارت میں دوران علاج دم توڑنے والی زینب کی فیصل آباد میں نماز جنازہ ادا

Last Updated On 04 July,2018 12:43 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) بھارت میں دوران علاج جاں بحق ہونے والی دل کے عارضے میں مبتلا فیصل آباد کی ننھی کلی زینب کو اسکے آبائی علاقہ غلام محمد آباد میں نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپردخاک کر دیا گیا۔

فیصل آباد کے رہائشی محنت کش مجاہد علی کی 7 سالہ بیٹی زینب دل میں تین سوراخ ہونے کی وجہ سے دل کے عارضہ میں مبتلا تھی۔ مالی تنگدستی کی وجہ سے زینب کے والدین ننھی پری کا علاج کروانے سے قاصر تھے۔ تاہم دنیا نیوز پر اسکی خبر نشر ہونے پر مقامی تاجر نے زینب کو علاج معالجہ کی ذمہ داری اُٹھاتے ہوئے بھارت روانہ کر دیا۔ جہاں ضلع لدھیانہ میں دو روز قبل زینب کے دل کا آپریشن کیا گیا تھا۔ البتہ آپریشن کے بعد زینب جانبر نا ہوسکی اور زندگی موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئی۔

ننھی کلی زینب کی میت واہگہ بارڈر کے راستے اسکے آبائی علاقہ غلام محمد آباد پہنچا دی گئی۔ جہاں مقامی قبرستان میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد زینب کو سینکڑوں اشکبار آنکھوں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔