اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) ملکی و غیر ملکی اثاثہ جات ایمنسٹی سکیم کے تحت پاکستان میں فارن کرنسی اکائونٹس سے اور زرمبادلہ پاکستان واپس لانے والوں کو ایک ہزار ڈالر مالیت کے ایمنسٹی بانڈز ان کے نام پر رجسٹریشن کے بعد جاری کئے جائیں گے۔
اس طرح یہ رجسٹرڈ بانڈز ہوں گے ملک میں ایمنسٹی بانڈز کے اجراء کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ایمنسٹی بانڈز میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی کوئی حد مقرر نہیں کی جائے گی، یہ ایمنسٹی بانڈز 5سال مکمل ہونے پر واجب الادا ہوں گے وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے ان بانڈز کے اجراء کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اس ضمن میں وزارت نے ان بانڈز کے اجرا کیلئے ایمنسٹی بانڈز رولز 2018 میں تمام شرائط طے کر دی ہیں، حکام نے بتایا ہے کہ ایمنسٹی سکیم کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع ہونے کے بعد اور ایف بی آر کی جانب سے ملک کے 23شہروں کیلئے فوکل پرسن تعینات کئے جانے کے بعد فارن کرنسی اکائونٹ ہولڈرز اور بیرون ملک سے زرمبادلہ پاکستان منتقل کرنے کے خواہشمند افراد کی جانب سے ایف بی آر سے رابطوں میں اضافہ ہوا ہے اور امکان ہے کہ پاکستان کے اندر اور بیرون ملک زرمبادلہ رکھنے والے ان ایمنسٹی بانڈز میں بھاری سرمایہ کاری کریں گے ،جس کے سبب پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوگا اور روپے کی گرتی ہوئی قدر کو سنبھالا مل سکے گا۔