فریال تالپور نے ایف آئی اے کے عبوری چالان کو چیلنج کر دیا

Last Updated On 30 July,2018 12:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے میگا منی لانڈرنگ سکینڈل میں نامزد سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے ایف آئی اے کے عبوری چالان کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی آر میں کسی قسم کی منی لانڈرنگ کا ذکر نہیں ہے، چالان میں میرا کوئی کردار واضح نہیں اور الزامات سے میرا کا کوئی تعلق نہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے دائر مقدمہ خارج کیا جائے، ایف آئی اے کے چالان کو غیر قانونی قرار دے کر معطل کیا جائے اور عدالت چالان پر حکم امتناع جاری کر کے کارروائی کرے۔

ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے، جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں، اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں نجی بینک کے سابق صدر حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی کے طلب کرنے پر فریال تالپور پیش نہیں ہوئیں اور انہوں نے مزید مہلت طلب کرلی جبکہ پی پی رہنما نے بینکنگ کورٹ سے ضمانت بھی کرا رکھی ہے۔