اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین کے سفیر کی عمران خان سے ملاقات، کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کی جانب سے دلی مبارکباد، انتخابات کے بعد خطاب میں چین کے بارے میں چیئرمین تحریک انصاف کے خیالات کا خیر مقدم کیا۔
تفصیلات کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کے سفیر نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان سے خصوصی ملاقات کی جس میں انہوں نے انتخاب میں کامیابی پر چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی اور اپنے خطاب میں چین کے بارے میں خیالات کا خیر مقدم کیا۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے بانیوں کی جدوجہد تاریخ میں منفرد مقام کی حامل ہے۔ پاکستان کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات اور قانون کی بالا دستی کے حوالے سے تحریکِ انصاف کے ویژن کی حمایت کرتے ہیں۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غربت کے خاتمے کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کا ویژن قابل تعریف ہے۔ معیشت، سفارت اور عالمی معاملات میں پاکستان کی بھرپور معاونت جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر عمران خان نے چینی سفیر کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے تہنیتی پیغامات اور نیک تمناؤں کے اظہار پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چین کیساتھ پاکستان کے تعلقات کو نہایت اہمیت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ غربت کے خاتمے کیلئے چین کے تجربات سے بھرپور استفادہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماحولیات کے تحفظ اور ایکو سولائزیشن کے فروغ کیلئے چین کیساتھ اشتراک میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ سبز ترقی، نیشنل پارکس اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ میں بھی چین کی کامیابیوں سے فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔