اسلام آباد: (دنیا نیوز) رات گئے لیسکو میں پیدا ہونے والے بجلی بحران پر وزارت پاور ڈویژن نے رپورٹ طلب کر لی۔ 6 گھنٹے سے زیادہ وقت کے لئے اکثر علاقے بجلی سے محروم رہے۔
تفصیلات کے مطابق، گزشتہ رات بجلی کی طلب میں اضافے سے رات گئے لیسکو سسٹم میں خرابی پیدا ہوئی۔ 220 کے وی شیخوپورہ ٹرانسمشن لائن میں پیدا ہونے والی خرابی سے بند روڈ گرڈ اسٹیشن سے بجلی فراہمی معطل ہوئی۔ بند روڈ 220 کے وی گرڈ اسٹیشن میں خرابی ہونے سے شہر کے اکثر علاقے بجلی سے محروم رہے۔
بند روڈ گرڈ اسٹیشن کے متاثرہ علاقوں کو متبادل گرڈز سے بجلی فراہم کی گئی، متبادل گرڈز پر لوڈ پڑنے سے دوسرے علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بجلی بندش ہوتی رہی۔ گرڈ اسٹیشن سے بجلی بحال کرنے میں 6 گھنٹے سے زیادہ وقت لگا۔ اچھرہ، فیروز پور روڈ، شاہدرہ، واپڈا ٹاون، جوہر ٹاون، بھٹہ چوک سمیت کئی علاقوں میں طویل بریک ڈاون ہوا۔
حکام کے مطابق تکنیکی خرابی دور کر کے رات دو بجے تک بجلی بحال کر دی گئی، سسٹم اوور لوڈ ہونے سے ہنگامی خرابی پیدا ہوئی۔ ذرائع کے مطابق بجلی بحران پر وزارت پاور ڈویژن نے رپورٹ طلب کر لی ہے اور اس میں انتظامی سستی ثابت ہوئی تو ذمے داران کے خلاف کاروائی ہو گی۔