پشاور: (دنیا نیوز) نیب خیبرپختونخوا نے سرکاری ہیلی کاپٹر کے بے دریغ استعمال کے الزام میں عمران خان کو 7 اگست کو طلب کرلیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر خیبرپختونخوا حکومت کے دو سرکاری ہیلی کاپٹروں کے استعمال کا الزام ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر 74 گھنٹے استعمال کئے گئے جس سے خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب نے عمران خان کو پہلے بھی طلب کیا تھا تاہم انہوں نے انتخابی سرگرمیوں میں مصروفیات کے باعث آنے سے معذرت کرلی تھی۔ ہیلی کاپٹر سکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور سول ایوی ایشن کے افسروں کے بیانات پہلے ہی قلمبند کئے جا چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے صوبائی حکومت کے دو ہیلی کاپٹروں ایم آئی 171 اور ایکیوریل پر تقریبا 74 گھنٹے اڑان بھری،عمران خان نے ایم آئی 171 ہیلی کاپٹر پر 22 گھنٹے سفر کیا ، جس پر 12 لاکھ 70 ہزار 306 روپے اخراجات آئے۔
عمران خان نے دوسرے ہیلی کاپٹر ایکیوریل پر 52 گھنٹے سفر کیا جس پر 8 لاکھ 36 ہزار 875 روپے اخراجات آئے۔ عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹرز استعمال پر 74 گھنٹے سفر کیا جس پر 21 لاکھ 7 ہزار181 روپے کے اخراجات آئے۔