کوئٹہ: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے بلوچستان میگا کرپشن سکینڈل میں ملوث سابق وزراء کی ضمانت کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیب نے بلوچستان میگا کرپشن سکینڈل میں ملوث ملزموں کی ضمانت منظور ہونے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ قومی احتساب بیورو کے حکام نے کہا ہے کہ خالد لانگو اور مشتاق رئیسانی کی ضمانت منظوری سپریم کورٹ میں چیلنج کی جائے گی۔ نیب کے مطابق ملزمان پر تقریبا دو ارب چوبیس کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان ہائیکورٹ نے میگا کرپشن کیس میں گرفتار سابق مشیر خزانہ خالد لانگو اور سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لی تھیں۔
بلوچستان ہائیکورٹ کے ڈویژنل بنچ نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے سوا دو سال بعد پچاس، پچاس لاکھ کے مچلکوں پر ضمانت منظور کی۔ یاد رہے کہ 6 مئی 2016ء میں سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو گرفتار کیا تھا، ان کے گھر پر چھاپے کے دوران 64 کروڑ روپے پاکستانی، فارن کرنسی اور سونے کے زیوارات بھی قبضے میں لیے گئے تھے۔
مشتاق رئیسانی کی گرفتاری کے بعد سابق مشیرِ خزانہ خالد لانگو سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، اس کے بعد مقدمہ احتساب عدالت میں چلا، ریمانڈ ہوا اور ملزمان کو جیل منتقل کیا گیا۔
بعد ازاں کئی وعدہ معاف گواہ بنے، مشیر خزانہ پہلے ہسپتال اور پھر گھر منتقل ہوئے جسے سب جیل قرار دیا گیا۔ دورانِ تحقیقات ملزمان نے پلی بارگین کی درخواست بھی کی۔
نیب نے کراچی اور کوئٹہ میں ملزمان کی بد عنوانی کے پیسوں سے بنائی گئی کروڑوں روپے کی جائیدادیں بلوچستان حکومت کے حوالے بھی کیں۔