خالد لانگو اور مشتاق رئیسانی کی ضمانت کی درخواستیں منظور

Last Updated On 30 July,2018 07:41 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان ہائیکورٹ نے میگا کرپشن کیس میں گرفتار سابق مشیر خزانہ خالد لانگو اور سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں۔

بلوچستان ہائیکورٹ میں سابق مشیرِ خزانہ خالد لانگو اور سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کی ضمانت کی درخواست پر ڈویژنل بنچ نے فیصلہ سناتے ہوئے سوا دو سال بعد پچاس پچاس لاکھ کے مچلکوں پر ضمانت منظور کر لی۔ نیب کے مطابق ملزمان پر تقریبا دو ارب چوبیس کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام تھا۔

یاد رہے کہ 6 مئی 2016ء میں سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے گھر پر نیب نے چھاپہ کے دوران 64 کروڑ روپے پاکستانی اور فارن کرنسی اور سونے کے زیوارات قبضے میں لے کر گرفتار کیا تھا۔

مشتاق رئیسانی کی گرفتاری کے بعد سابق مشیرِ خزانہ سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے بعد مقدمہ احتساب عدالت میں چلا، ریمانڈ ہوا اور ملزمان کو جیل منتقل کیا گیا۔

اس کے بعد کئی وعدہ معاف گواہ بنے، مشیر خزانہ پہلے ہسپتال اور پھر گھر منتقل ہوئے جسے سب جیل قرار دیا گیا۔ دورانِ تحقیقات ملزمان نے پلی بارگین کی درخواست بھی کی۔

نیب نے کراچی اور کوئٹہ میں ملزمان کی بد عنوانی کے پیسوں سے بنائی گئی کروڑوں روپے کی جائیدادیں بلوچستان حکومت کے حوالے بھی کیں۔