اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے قومی اسمبلی کا اجلاس 12 سے 14 اگست کے درمیان بلانے کی سمری بھجوا دی گئی، نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے، قائد ایوان کا انتخاب بھی کیا جاؕئے گا۔
اسلام آباد میں علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سیاسی بیانات آ رہے ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے، حکومت کا 5 سال کا مینڈیٹ ہے انہیں کام کرنے دینا چاہیے اور آگے کی طرف دیکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا جہاں قانون کے مطابق گنتی ضروری ہے وہاں ہونی چاہیئے، عمران خان نے بھی دوباری گنتی کرانے کے حوالے سے بیان دیا ہے
بیرسٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ دوبارہ گنتی کرانے سے الیکشن سے متعلق خدشات ختم ہو جاتے ہیں، لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے کچھ مشکل اور سنجیدہ فیصلے کرنے ہونگے۔
خیال رہے گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں جیتنے والے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے 815 امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کئے تھے جبکہ تحریک انصاف کے نامزد وزیر اعظم عمران خان کے دو حلقوں سمیت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 26 نتائج روک لیے گئے۔
تحریک انصا ف نے نتائج روکنے پر چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا انتقال اقتدار کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا کی جارہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے مجموعی طور پر 841 حلقوں پر انتخابات ہوئے جن میں سے 815 کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے۔ عدالتوں اور الیکشن کمیشن میں زیر سماعت مقدمات کے باعث کچھ حلقوں میں نوٹی فکیشن روکے گئے ہیں جبکہ کچھ فیصلے سے مشروط کر دیئے گئے ہیں۔