اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کر لیا۔ نگران وزیر اعظم کی جانب سے نو منتخب قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر نے کی سمری گزشتہ روز بھجوائی گئی تھی۔ نومنتخب اراکین قومی اسمبلی 13 اگست کے اجلاس میں اپنی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے، جس کے بعد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا۔
نیا سپیکر منتخب ہونے کے بعد قواعد کے مطابق وزیر اعظم کے انتخاب کا مرحلہ شروع ہوگا۔ ایوان صدر کے ذرائع کے مطابق صدر نے 15 اگست کو بیرون ملک دورے پر جانا ہے ان کی روانگی سے قبل عمران خان کے بطور وزیر اعظم انتخاب اور حلف بر داری کی کو ششیں جاری ہیں ابھی تک صدر مملکت کے دورے کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ قوی امکان ہے کہ قائد ایوان کے انتخاب کے شیڈول کے مطابق صدر کے دورے میں بھی تبدیلی کر دی جائے۔
تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق بھی صدر کو اپنا دورہ ایک روز کیلئے ملتوی کرنے کی درخواست کر چکے ہیں جس کے بعد ایوان صدر میں شیڈول کی تبدیلی کے حوالے سے مشاور ت بھی کی گئی ہے اگر صدر نے اپنے دورے کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی تو پھر نئے قائد ایوان سے قائم مقام صدر حلف لے سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق صدر نئے قائد ایوان سے حلف لینے کے خواہشمند ہیں لیکن اس کا دارومدار انتخابی شیڈول پر ہے۔
دوسری جانب ایوان صدر کے ذرائع کے مطابق صدر مملکت 15 اگست کو اپنے غیرملکی دورے پر روانہ ہو ں گے، واضح رہے کہ رائل سکول آف فزیشن اینڈ سرجن لندن نے صدرمملکت ممنون حسین کو اعزازی ڈگری دینے کا فیصلہ کیا ہے، صدر ممنون حسین پہلے پاکستانی حکمران ہوں گے جنہیں یہ ڈگری دی جائے گی، وہ 17 اگست کورائل سکول آف فزیشن اینڈ سرجن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے ، اس تقریب میں انہیں اعزازی ڈگری دی جائے گی۔
صدرممنون حسین متوقع وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری اور 14 اگست کی سالانہ خصوصی تقریب کے انعقاد کے اگلے روز اسلام آباد سے لندن روانہ ہوں گے، ان کی واپسی 20 اگست کو متوقع ہے۔ وزیر اعظم کے حلف کے آئینی تقاضوں کی وضاحت کرتے ہوئے آئینی ماہر اور سابق وزیر قانون ظفر علی شاہ نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 91 کی دفعہ 5 کی شق 4 کے تحت اسمبلی کے منتخب کردہ رکن کو صدر کی جانب سے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کی دعوت دی جائے گی اور وہ عہدہ سنبھالنے سے پہلے تیسرے جدول میں بیان کردہ طریقہ کار میں صدر کے روبرو حلف اٹھائے گا، جبکہ تیسرے جدول میں آرٹیکل 49 کی دفعہ 2 قائم مقام صدر کو یہ اختیار دیتی ہے کہ وہ وزیر اعظم سے حلف لے سکتے ہیں۔ دوسری جانب پی ٹی آئی نے 15 اگست کو صدر ممنون کی بر طانیہ روانگی سے قبل عمران خان کو وزیراعظم منتخب کرنے اور حلف بر داری کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کی ملاقات جی ڈی اے سے ہوئی ہے، اتحادیوں کی شمولیت سے قومی اسمبلی میں ہماری تعداد 180 تک پہنچ گئی ۔پنجاب میں ہمارے اراکین کی تعداد 186 تک پہنچ چکی ہے ،اگر 170 اراکین عمران خان کو منتخب کرتے ہیں تو دوسرے راؤنڈ کی ضرورت نہیں ہے ،عمران خان پہلے راؤنڈ میں ہی وزیراعظم منتخب ہو جائیں گے۔