عام انتخابات میں آر ٹی ایس کی ناکامی، 9 دن بعد بھی تحقیقاتی کمیٹی نہ بن سکی

Last Updated On 11 August,2018 05:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن 2018 میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کی ناکامی کی تحقیقات کیلئے تاحال کمیٹی قائم نہیں کی جا سکی، کابینہ ڈویژن نے تجویز دی ہے کہ تحقیقات کا معاملہ نئی حکومت پر چھوڑ دینا چاہیے۔

الیکشن کمیشن نے 2 اگست کو سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو آر ٹی ایس کی ناکامی کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی، الیکشن کمیشن کے بارہا رابطوں اور 9 روز گزرنے کے باوجود کمیٹی کا قیام عمل میں نہیں لایا جا سکا۔ ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن نے تحقیقاتی کمیٹی کا معاملہ نئی حکومت پر چھوڑنے کی تجویز دی ہے۔

موجودہ سیکرٹری کابینہ ڈویژن ابو احمد عاکف دو روز میں ریٹائرڈ ہو جائیں گے، 14 اگست سے نئے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کا چارج فضل عباس میکن کو دے دیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے آر ٹی ایس سسٹم ناکامی پر4 ہفتوں میں تحقیقاتی رپورٹ مانگی تھی۔