یوم آزادی کے موقع پر مزار قائدؒ و اقبالؒ پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقاریب

Last Updated On 14 August,2018 02:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نےاعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ مزار قائد پر قائم مقام گورنر سندھ ، نگراں وزیراعلی، میئرکراچی، ڈی جی رینجرز اور دیگر نے حاضری دی۔ لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی, نگران وزیراعلی ڈاکٹر حسن عسکری اور فوجی حکام نے حاضری دی.

برصغیر کے عظیم رہنما قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نےاعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ پریڈ کے بعد مزار قائد پر قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی، نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمان نے حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

نامزد وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ پی پی اراکین کے ہمراہ مزار قائد پہنچے۔ ایم کیوایم کے ڈاکٹر فاروق ستار اور عامر خان نے بھی بانی پاکستان کے مزار پر حاضری دی۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، میئر کراچی اور دیگر بھی مزار قائد پہنچے۔ اس موقع پر طلبہ کی بڑی تعداد نے مزار قائد پر مختلف پرفارمنس پیش کیں اور جذبہ ملی سے شائقین کے دلوں کو گرما دیا۔

دوسری جانب لاہور میں مفکر پاکستان علامہ اقبال کے مزار پر بھی گارڈز تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں پنجاب رینجرز نے اعزازی گارڈز کے فرائض پاک آرمی کو منتقل کئے۔ نگران وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری، مئیر لاہور کرنل(ر)مبشر نے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ برصغیر کے عظیم شاعر کے مزار پر فاتحہ خوانی کے بعد ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں بھی کی گئیں۔ فوجی حکام، معززین شہر سمیت عام شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی مزار اقبال پر حاضری کے بعد فاتحہ پڑھی۔