اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہبازشریف نے ایوان میں آمد پر پہلے بلاول بھٹو سے ہاتھ ملایا تاہم آنکھیں ملانے سے گریز کیا، بعدازں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان شہباز شریف کی جانب خود چل کر گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔
شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچے تو عمران خان خود اپنی نشست سے اٹھ کر شہباز شریف سے مصافحہ کرنے کیلئے پہنچے۔ اور گرمجوشی سے ان کے ساتھ ہاتھ ملایا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مختصر سی بات چیت بھی ہوئی اور پھر عمران خان اور شہباز شریف اپنی نشستوں پر براجمان ہو گئے۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں 22 ویں وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے عمران خان اور شہباز شریف مد مقابل ہیں۔
اس سے قبل بھی سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کیلئے منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لئے جب صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف آئے تو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ان سے خوشگوار موڈ میں مصافحہ کیا تھا اور مسکراتے ہوئے اپنی اپنی نشستوں پر براجمان ہو گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق تحریکِ انصاف کو اس وقت ایوان میں 180 کے قریب اراکین کی حمایت حاصل ہے۔ ادھر پیپلز پارٹی نے اس انتخاب میں شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔