کراچی: (دنیا نیوز) عمران اسماعیل سندھ اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے، آج گورنر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، پی ٹی آئی رہنما پی ایس 111 سے منتخب ہوئے تھے۔ خرم شیر زمان نے عمران اسماعیل کا استعفیٰ اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرا دیا۔
عمران اسماعیل کا کہنا ہے میں صوبے کا گورنر ہوں، کسی مخصوص شہر کا نہیں، کوشش کرونگا کہ سب کو ساتھ لیے کر چلوں، پانی کا مسلۂ حل کرنا میری اولین ترجیحات میں شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا اسپیکر اسمبلی کے تعاون کا شکر گُزار ہوں، صوبائی اور وفاقی حکومت کے درمیان پُل کا کردار ادا کرونگا، عوامی مینڈیٹ کی تمام نمائندہ جماعتوں کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتا ہوں، اپنے قائد کے وژن کے مطابق ایک عام شہری کی زندگی گُزارنے کی ہرمُمکن کوشش کرونگا۔
یاد رہے تحریک انصاف کے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل سندھ کے 33 ویں گورنر کی حیثیت سے آج حلف اٹھائیں گے۔ نئے گورنرسندھ سے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ حلف لیں گے۔ تقریب حلف برداری آج شام 6 بجے گورنر ہاؤس میں منعقد ہو گی۔ نئے گورنرسندھ کی تقریب حلف برداری کے لیے گورنرہاؤس میں تمام انتظامات کرلیے گئے ہیں، جب کہ تقریب میں شرکت کے لیے حکومت سندھ کے صوبائی وزراء کے علاوہ تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ اورپارٹی رہنماؤں، سیاسی و سماجی شخصیات کو دعوت نامے بھی ارسال کر دیئے گئے ہیں۔
نئے گورنرسندھ کی خواہش پر گورنر ہاؤس میں ہونے والی تقریب پُر وقار مگرسادہ ہو گی، مہمانوں کی تواضع صرف چائے اور بسکٹ سے کی جائے گی۔ عمران اسماعیل گورنر کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد منگل کی صبح مزار قائد پر حاضری دیں گے۔