کراچی: (دنیا نیوز) نجی سکول مافیا کی من مانیاں ختم ہوئیں، سندھ ہائی کورٹ نے نجی سکولوں کو فیسوں میں سالانہ 5 فیصد سے زائد اضافے سے روک دیا، پرائیوٹ سکولوں نے فیسوں میں 10 سے 20 فیصد اضافہ کر دیا تھا۔
سندھ ہائی کورٹ میں سکول فیسوں میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ تین رکنی لارجر بینج نے فیسوں میں سالانہ 5 فیصد سے زائد اضافہ غیر قانونی قرار دے دیا۔ عدالتی فیصلہ آیا تو والدین خوش ہو گئے، کہنے لگے اب کوئی پرائیوٹ اسکول اپنی من مانی نہیں کرسکے گا۔
پیرنٹس ایکشن کمیٹی کے وکیل کا کہنا تھا کہ سکول ساتذہ کی تنخواہیں مجموعی اخراجات کا 50 فیصد بھی نہیں، نجی سکول مافیا کی جانب سے 10 سے 20 فیصد فیسوں میں اضافے کیخلاف والدین سراپا احتجاج تھے، والدین کی جانب سے عدالت میں دائر سینکڑوں درخواستوں پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے لارجر بنچ بنایا تھا۔