لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ڈیم پر پہرہ دوں گا، ڈیم پر جھونپڑی بنا کر رہنا پڑا تو رہوں گا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے صحافیوں سےغیر رسمی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کا پانی سے متعلق بیان خوش آئند ہے، ڈیم فنڈ سے متعلق فیصلہ ہماری اجازت سے کیا گیا، سپریم کورٹ جلد پانی پر بین الاقوامی کانفرنس کرائے گی، وزیراعظم مشاورت کرتے تو ان کو ہوشربا حقائق بتاتے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کرپشن پر قابو پا کر ملک تیزی سے ترقی کر سکتا ہے، جو قدم سپریم کورٹ نے اٹھایا آج پورے ملک کی آواز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا ڈیم ملکی ترقی کیلئے نا گزیر ہے، یہ ملک ہے تو ہم ہیں، ہمیں ڈیم بنانا ہے، پاکستانی قوم اپنے وسائل سے ڈیم بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے توقعات ہیں۔ ان کا کہنا تھا بیرونی قرضے اتارنے ہیں، آبادی پر قابو پانا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے کوششیں کرنا ہونگی۔
اخوت فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے چیف جسٹس پاکستان سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ملاقات کی۔ چیئرمین اخوت کی جانب سے چیف جسٹس کو ڈیم کے فنڈ کے لیے 1 کڑور دینے کا اعلان کیا گیا اور پہلی قسط کے طور پر 10 لاکھ روپے کا چیک چیف جسٹس کو دیا گیا۔