کراچی: (دنیا نیوز) نہری اور دریاؤں کے پانی سے کراچی کی ضروریات پوری کرنا ناممکن ہے، وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا ہے کہ سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے منصوبوں پر عمل درآمد کرکے شہر میں آبی ضروریات پوری کی جاسکتی ہیں۔
کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صنعتکاروں سے ملاقات میں وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا تھا کہ دریاؤں اور نہروں میں پانی کی قلت کے سبب شہر کو پانی کی فراہمی مشکل ہوتی جارہی ہے۔ سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے منصوبوں پر عمل درآمد کرکے شہر میں آبی ضروریات پوری کی جاسکتی ہیں۔
وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کی نااہلی کے باعث کئی ادارے ڈی ایم سی کے سپرد کردیے گئے ہیں تاکہ ان اداروں کی کارکردگی میں بہتری آسکے۔ سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت صنعتی علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ساتھ تاجروں اور صنعتکاروں کو آن بورڈ لے رہی ہے تاکہ ان کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔