لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کو 2040 تک پانی کی شدید قلت کا سامنا ہوگا، ماہرین کے مطابق پاکستان کو فوری طور پر بڑے ڈیم بنانے کی ضرورت ہے جبکہ دنیا بھر میں چین، امریکا، بھارت اور جاپان ڈیم بنانے میں سب سے آگے ہیں۔
ماہرین نے پاکستان میں پانی کی شدید قلت کے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ مختلف رپورٹس کے مطابق 1990 میں شروع ہونے والی پانی کی قلت 2005 میں شدت اختیار کر گئی۔ 44 فیصد سے زائد پاکستانی پینے کے صاف پانی کی سہولت سے محروم ہیں۔
آبی وسائل کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ڈیم نہ بنائے گئے تو 2040 تک پاکستان خشک سالی کا شکار ممالک میں شامل ہو جائے گا۔ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کے مطابق پاکستان ڈیمز کی کمی کی وجہ سے سالانہ 2 کروڑ 90 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ضائع کر دیتا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق پانی کے استعمال کی سب سے زیادہ شرح کے حوالے سے پاکستان دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے جبکہ پانی کی کمی والے ممالک میں پاکستان کا تیسرا نمبر ہے۔
خطے کے دوسرے ممالک کا جائزہ لیا جائے تو چین میں اس وقت 23841 اور بھارت میں 5100 ڈیمز ہیں جبکہ نیپال میں 43، بھوٹان میں 24، سنگاپور میں پانی ذخیرہ کرنے کے لیے 17 ریزروائرز ہیں۔