کراچی: (دنیا نیوز) عدالت نے نجی سکولوں کی فیسوں میں 10 سے 13 فیصد اضافے کے خلاف دائر درخواست پر 2 نجی سکولوں کو فیس میں 5 فیصد سے زائد اضافے سے روک دیا۔
عدالت نے صوبائی حکومت اور سکول انتظامیہ سے اکتوبر کے پہلے ہفتے تک جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے حکم کے مطابق پرانے اسٹرکچر کے تحت فیس وصول کی جائے۔ عدالت نے سکول فیس پر عائد اِنکم ٹیکس پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کردیے۔ جمعے کو جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے 2 نجی سکولوں کی جانب سے 10 سے 13 فیصد فیس میں اضافے کے خلاف طلباء کے ایک سو سے زائد والدین کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔
درخواست گزاروں نے وفاقی اور صوبائی محکمہ تعلیم سندھ، سکول رجسٹریشن اور انسپیکشن اور دیگر کو فریق بنا کر مؤقف اختیار کیا کہ نجی سکولوں نے خلاف ضابطہ 10 سے 13 فیصد فیس بڑھا دی ہے۔ سکولز میں داخلہ فیس ایک لاکھ کر دی گئی ہے، محدود آمدنی کے باعث فیس نہیں دے سکتے، غیر قانونی فیس بڑھانے سے روکا جائے۔