کراچی: (دنیا نیوز) یوم دفاع پاکستان کے موقع پر سندھ پولیس نے 1971 سے اب تک کے پولیس شہداء کا ڈیٹا بیس تیار کر لیا ہے، 47 سال کے دوران سندھ پولیس کے 2111 ملازمین شہید ہوئے ہیں۔
اے آئی جی ویلفیئر غلام اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ 47 سال کے دوران سندھ پولیس کے 2111 ملازمین شہید ہوئے ہیں، شہداء کے نام، یوم شہادت، جائے شہادت، ضلع اور دیگر معلومات یکجا کی گئی ہیں۔ 47 سال میں محکمہ سندھ پولیس کے 4 ایس پی، ایک اے ایس پی، 14 ڈی ایس پی، 40 انسپکٹر، 156 سب انسپکٹر، 196 اے ایس آئیز نے شہادتیں پائیں جبکہ 357 ہیڈ کانسٹیبل اور 1339 کانسٹبلز شہداء کی تفصیلات ڈیٹا بیس میں شامل کی گئی ہیں۔
1971 سے اب تک سندھ پولیس کی دو لیڈی کانسٹیبل اور دو دیگر اہلکار بھی شہید ہوئے، غلام اظفر مہیسر نے مزید بتایا ہے کہ شہداء میں 787 کراچی رینج جبکہ 418 لاڑکانہ، 286 حیدرآباد، 176 سکھر، 167 نواب شاہ اور 31 میرپور خاص رینج کے جوان شہید ہوئے، شہداء میں 97 ٹریفک پولیس، 54 ایس آر پی، 33 سی ٹی ڈی، 23 اسپیشل برانچ، 16 کرائم برانچ، 11 ٹیکنیکل اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین شہید ہوئے جبکہ 5 شہید آر آر ایف، 4 شعبہ ٹریننگ اور 3 سی پی او میں تعینات تھے۔
اے آئی جی ویلفیئر کا کہنا ہے کہ پولیس کے شہداء کی تفصیلات کو ایک کتابی شکل دی جا رہی ہے، دستیاب ریکارڈ کے مطابق سندھ پولیس کا پہلا شہید سانگھڑ کا سپاہی نمبر 286 لال خان تھا، لال خان 19 دسمبر 1971 کو فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوا تھا۔