اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔ جج محمد ارشد نے ریمارکس دیئے کلثوم نواز قومی شخصیت تھیں، آج کارروائی چلانا ویسے بھی مناسب نہیں۔
احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے العزیز سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کی۔ وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ بدقسمتی سے نواز شریف کی اہلیہ کا انتقال ہو گیا ہے، آج صبح معلوم ہوا کہ نواز شریف کو پیرول پر رہائی کے بعد لاہور لے جایا گیا ہے، ان کی غیر حاضری میں عدالتی کارروائی چلانے کی ہدایات نہیں ملیں، نواز شریف سے آج رابطہ کر کے ہدایات لے کر کل عدالت کو آگاہ کر دوں گا۔
جج احتساب عدالت نے عدالتی سٹاف سے استفسار کیا نواز شریف کی روبکار کہاں ہے ؟ جیل سے تو روبکار آئے تو پتہ چلے کہ اس میں کیا لکھا ہے، جس پر عدالتی سٹاف نے کہا روبکار ابھی تک نہیں آئی۔ جج ارشد ملک نے ریمارکس دیئے کلثوم نواز ایک نیشنل فگر تھیں، آج کارروائی چلانا ویسے بھی مناسب نہیں۔ وکیل خواجہ حارث نے کہا کلثوم نواز وینٹی لیٹر پر تھیں جب نواز شریف واپس آئے، جس پر جج احتساب عدالت کے کہا یہ باتیں نیشنل میڈیا میں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔