راولپنڈی: ( روزنامہ دنیا ) پاکستان ریلوے نے وزیراعظم عمران خان کے آبائی علاقہ کے لئے میانوالی ریل کار لانچ کرنے کی تیاری مکمل کر لی جو 9 کوچز پر مشتمل ہوگی جس کو ریکارڈ مدت میں کیرج فیکٹری اسلام آبا د میں تیارکیا گیا ہے اور ایک کوچ کی تیاری پر تقریباً 85 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔
میانوالی ریل کار 14 ستمبر سے روزانہ صبح 7 بجے کندیاں سے راولپنڈی کیلئے روانہ ہوا کرے گی اور اسی طرح روزانہ شام 6 بجے راولپنڈی سے کندیاں کے لئے چلا کرے گی جبکہ لاہور اور راولپنڈی کے درمیان ایک اور ٹرین راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے 15 ستمبر سے چلائی جائے گی جوبیک وقت رات 8 بجے لاہور اور راولپنڈی سے چلا کرے گی۔
وزیر ریلویز شیخ رشید احمد آج میانوالی ریل کار کا معائنہ کریں گے اور ٹرین میں دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیں گے، دونوں ٹرینوں کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان وزیراعظم سیکرٹریٹ سے کریں گے۔