لاہور: (دنیا نیوز) سابق خاتون اول کلثوم نواز کی رسم قل آج ادا کی جا رہی ہے جس میں صرف خاندان کے افراد شریک ہوں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت پر مشتمل وفد نواز شریف سے اظہار افسوس کیلئے جاتی امرا پہنچ گیا جس میں آصف زرداری, بلاول بھٹو, آصفہ بھٹو اور رحمن ملک شامل ہیں۔ مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری شجاعت حسین اور مونس الہی نے بھی نوازشریف سے تعزیت کی.
لاہور میں بیگم کلثوم نواز کی تدفین کے بعد افسوس کے لیے آنے والوں کا سلسلہ جاری ہے، سابق خاتون اول کی رسم قل آج جاتی امرا میں ادا کی جارہی ہے، جس میں صرف خاندان کے افراد شرکت کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے نمازہ جنازہ میں شرکت پر قائدین اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دعائے قل میں شرکت کے خواہشمند افراد سے درخواست کی ہے کہ بیگم کلثوم نواز کے لیے اپنے اپنے علاقوں میں ہی دعا اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے۔ جاتی امرا میں رسم قل کا اہتمام صرف شریف خاندان کے افراد کیلئے ہے، یہ فیصلہ عوام کو سفر کی مشکلات سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، آصفہ بھٹو، سابق صدر آصف زرداری اور رحمن ملک آج جاتی امرا پہنچ گئے، دونوں رہنماء سابق وزیراعظم نواز شریف سے ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کریں گے۔ پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری شجاعت حسین اور مونس الہی نے بھی نواز شریف سے کلثوم نواز کی وفات پر افسوس کیا۔