لاہور (دنیا نیوز ) ملک بھر میں یوم عاشور پر سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، جلوس کے راستوں پر سنائپرز تعینات ہیں، فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، بعض شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے، مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔
یوم عاشور پر ملک بھر میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے بڑے شہروں میں یوم عاشور پر سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، جلوسوں کے راستوں پر سیکورٹی اہلکار اور سنائپرز بھی تعینات ہیں۔
شہر شہر واک تھرو گیٹس بھی نصب ہیں، ہیلی کاپٹر کی مدد سے بھی جلوسوں کی فضائی نگرانی کی جا رہی ہے۔ چھوٹے بڑے شہروں میں کنٹرول رومز بھی بنائے گئے ہیں، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوسوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ڈرون کیمروں کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
بعض شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری مکمل طور پر بند ہے جبکہ بعض مقامات پر جلوس کے علاقوں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری بند کی گئی ہے۔ یوم عاشور پر مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔