لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیوں اور موٹر سائیکل رکشے سڑکوں پر نہ لائے جائیں،غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ فیکٹریاں بھی بند کی جائیں۔ عدالت نے 27 ستمبر کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں غیر قانونی موٹر سائیکل رکشوں کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹرانسپورٹ کمپنی عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ 40 ہزار موٹر سائیکل رکشوں کاچالان کیا۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے ریمارکس دیئے کہ غیر قانونی موٹر سائیکل رکشوں کو بند کیاجائے جس پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ 7 فیکٹریوں کو موٹر سائیکل رکشہ بنانے کی اجازت دی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ غیر قانونی رکشوں کا صرف چالان کافی ہے ؟ غیرقانونی موٹر سائیکل رکشے بند کر کے 27 ستمبرکو رپورٹ پیش کریں۔ عدالت نے بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکل رکشوں پر پابندی عائد کر تے ہوئے غیر رجسٹرڈ فیکٹریاں بھی بند کرنے کا حکم دے دیا۔