مراد سعید کا وزارتِ مواصلات کی گاڑیاں نیلام کرنے کا اعلان

Last Updated On 23 September,2018 06:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مواصلات کے وزیرِ مملکت مراد سعید نے بھی وزارت کی 200 سے زائد گاڑیاں نیلام کرنے کا اعلان کر دیا۔ کہتے ہیں اب وزارت مواصلات کے ٹھیکے من پسند افراد کو نہیں مل سکیں گے، 6 منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرا رہے ہیں۔

وزیرِ مملکت مراد سعید بھی وزیرِاعظم عمران خان کے نقش قدم پر، وزارت مواصلات کی 219 گاڑیاں نیلام کرنے کا اعلان کر دیا۔ گاڑیوں کی فروخت سے مرمت پر تین کروڑ روپے کے اخراجات کی بچت کی نوید سنائی۔

مراد سعید نے بتایا کہ ن لیگ دور میں مکمل ہونے والے منصوبوں کا آڈٹ کرا رہے ہیں، آئندہ ٹھیکے میرٹ پر دیئے جائیں گے۔ وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ 60 دنوں میں ای بڈنگ، ای ٹینڈرنگ اور ای بلنگ کی طرف جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ناران کاغان ریسٹ ہاؤسز عوام کے لئے کھولیں گے، 9 مقامات پر تجاوزات کے خاتمے سے 17 سو کروڑ قوی خزانے میں آئیں گے۔