نیو دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات نہ کرنا انڈین حکومت کا درست فیصلہ ہے۔
بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کا پاکستان کیخلاف ایک اور بیان سامنے آ گیا ہے جس میں انہوں نے مذاکرات نہ کرنے کو درست فیصلہ قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں انڈین آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاکستان کیساتھ مذاکرات نہ کرنا ہماری سرکار کا فیصلہ درست ہے کیونکہ مذاکرات اور دہشت گردی ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔
جنرل بپن راوت نے کہا کہ آپ کچھ ایسا کر کے دکھا دیں کہ ہم سمجھیں آپ دہشت گردی کو بڑھاوا نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماحول میں مذاکرات کرنا صحیح نہیں، بھارتی سرکار کا فیصلہ درست ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی اپنے ایک بیان میں انڈین آری چیف نے پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی فوج سے بدلہ لینے کا وقت آ گیا ہے، تاہم ہم اپنی حکمت عملی کو آشکار نہیں کریں گے کیونکہ عسکری کارروائی ہمیشہ سرپرائز ہوتی ہے، پاکستان کو اس کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔ ہم پاکستانی فوج کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، پاکستان کو درد محسوس کرانا چاہتے ہیں۔
بھارتی آرمی چیف نے مزید کہا کہ ہتھیاروں کی ضرورت ہے، خریدتے رہیں گے۔ پاکستان جو کرتا ہے کرتا رہے، جوابی اقدامات بھی ہونگے۔