پاک نیوی جہاز پی این ایس سیف کا مراکش کا دورہ، مشترکہ مشقوں کا انعقاد

Last Updated On 23 September,2018 08:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی این ایس سیف پاک بحریہ کے اٹھارہویں ڈسٹرائر سکاڈرن کا صف اول کا جنگجو جہاز ہے۔ یہ جہاز جدید ہتھیاروں اور سنسرز سے لیس ہے اور مختلف النوع خطرات میں میری ٹائم آپریشنز سرانجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اینٹی سب میرین ہیلی کاپٹر Z9EC بھی جہاز پر موجود ہے۔

کاسابلانکا بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ کے جہاز کا مراکش نیوی کے آفیسرز اور رباط میں پاکستان کے سفارت خانے کے حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔ پاکستان اور مراکش کے سفارتی اور عسکری سطح پر قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاک بحریہ دوست ممالک کی بحریہ کے ساتھ میری ٹائم کے شعبے میں دو طرفہ دوروں، تربیتی سہولیات کی فراہمی، کثیر جہتی مشقوں کا انعقاد اور سینئر آفیسرز کے دوروں کے ذریعے باہمی تعاون کے فروغ کی ضرورت سے بخوبی آگاہ ہے۔

پاک بحریہ کے جہاز کا یہ دورہ تیرہ سال کے وقفے کے بعد عمل میں آیا۔ اس سے پہلے اس اہم شمالی افریقی اسلامی ملک کا آخری دورہ 2005 میں کیا گیا تھا۔

دورے کے دوران، کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس نے سرکاری ملاقاتوں کے دوران پاک بحریہ کی نمائندگی کی۔ کاسابلانکا میں قیام کے دوران، کمانڈر کوسٹ نے مراکش بحریہ کے سینئر حکام ریئر ایڈمرل لاہسن لیاملولی، فلیگ آفیسر کمانڈنگ ملٹری ریجن کاسابلانکا، کیپٹن وائس میجر تاہن اور ڈپٹی چیف آف نیول آپریشنز سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور میری ٹائم کے شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کا اظہار کیا گیا۔ کمانڈر کوسٹ نے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی طرف سے مراکش عوام کے لئے بالعموم اور مراکش بحریہ کے لئے بالخصوص نیک تمناﺅں کا پیغام پہنچایا۔ کما نڈر کوسٹ نے مراکش بحریہ اور کاسابلانکا پورٹ اتھاریٹیز کا جہاز کے قیام کے دوران سہولیات فراہم کرنے پرتہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف کے مراکش کی بندرگاہ کاسابلانکا کے دورے کو مراکش کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیامیں وسیع کوریج دی گئی۔ تین دن کے دورے کے دوران پاک بحریہ کے جہاز کے عملے نے پیشہ ورانہ بات چیت کے لئے مراکش بحریہ کے جہاز SULTAN MOULAY ISMAIL (F-614) کا دورہ کیا جبکہ مراکش بحریہ کے افسروں نے پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف کا دورہ کیا۔ جہاز پر ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ایک کثیر تعداد میں سفراء، دفاعی اتاشی او ر مراکش کے سینئر عسکری حکام نے شرکت کی۔

دورے کے اختتام پر پی این ایس سیف نے فرانسیسی بحریہ کے جہاز MISTRAL (L-9013) اور مراکش کے بحری جہاز ALLAL BEN ABDULLAH (F-941) کے ساتھ مشترکہ مشقوں میں حصہ لیا۔

ان مشقوں کا مقصد دوست ممالک کی بحری افواج کے مابین باہمی تعلقات کے فروغ، حربی چالوں میں مہارت اور سمندر میں باہمی تجربے کا تبادلہ شامل تھے۔

 

Advertisement